جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، محمد رضوان

جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، محمد رضوان

سنچورین  :پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم نے پروٹیز کے خلاف تین میچوں سیریز کے سنچورین میں شیڈول ابتدائی میچ کے لئے بھرپور تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پہلے میچ میں فتح کے ساتھ سیریز کا آغاز جاندار انداز میں کرئے گی۔ 28 سالہ محمد رضوان نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقا کے خلاف ابتدائی ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ایم رضوان نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو ہوم گرائونڈ کا فائدہ ضرور ہوگا تاہم اس کا ہماری ٹیم پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اور میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر ٹف ٹائم دیں گے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پروٹیز کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ (آج) جمعہ کو سنچورین میں کھیلا جائے گا