ملتان جلسہ کے حوالے سے پی ڈی ایم اپنی ہٹ دھرمی، ڈھٹائی اور دوہرے معیار سے باز نہیں آئی: فیاض الحسن چوہان

بلاول خود تو کرونا کے باعث قرنطینہ میں ہیں لیکن عوام کو کرونا کے جہنم میں دھکیلنے پر بضد ہیں پی ٹی آئی کی تنظیم سازی میں جمہوری اقدار اور اخلاقیات کو مقدم رکھا گیا ہے: وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب

ملتان جلسہ کے حوالے سے پی ڈی ایم اپنی ہٹ دھرمی، ڈھٹائی اور دوہرے معیار سے باز نہیں آئی: فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم کے ملتان جلسہ اور شہباز شریف کی جانب سے پی ٹی آئی پر ذاتیات کی سیاست کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ملتان جلسہ کے حوالے سے پی ڈی ایم اپنی ہٹ دھرمی، ڈھٹائی اور دوہرے معیار سے باز نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول خود تو کرونا کے باعث قرنطینہ میں ہیں لیکن عوام کو کرونا کے جہنم میں دھکیلنے پر بضد ہیں۔ پی ڈی ایم کے ملتان جلسے کیحوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مدعا و مقصد ہر قیمت پر اپنی کرپشن، منی لانڈرنگ اور لوٹ مار پر پردہ ڈالنا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ شہباز شریف کا پی ٹی آئی پر گالم گلوچ  کی سیاست کا الزام ''ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا'' کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ اور ذاتیات کی سیاست کی داغ بیل 80 کی دہائی میں ان کے بڑے بھائی نواز شریف نے ڈالی۔ یہ حقیقت ہے کہ نواز شریف اور آل شریف نے سیاسی مخالفین کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سیاسی بیان بازی کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی  ایک حقیقت ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی نامناسب تصاویر نواز شریف اینڈ فیملی نے جہازوں سے پھنکوائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی تنظیم سازی میں جمہوری اقدار اور اخلاقیات کو مقدم رکھا گیا ہے۔ن لیگ نے سیاست میں ''تنظیم سازی'' کے نت نئے معانی متعارف کروائے۔ فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے شہباز شریف کو اپنی پارٹی کی تاریخ پر نظر ڈالنی چاہیے۔