پنجاب بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آج سے باقاعدہ آغاز

  4 دسمبر تک جاری رہنے والی مہم میں 2کروڑ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انشاء اللہ اس مہم کے دوران 100فیصد ویکسینیشن کا ہدف پورا کریں گے، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پنجاب بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا آج سے باقاعدہ آغاز

لاہور:معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30نومبر سے 4 دسمبر تک پولیو مہم جاری رہے گی۔ پنجاب حکومت نے 2 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو قطر ے پلانے کا ٹارگٹ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کا مقصد پنجاب کو پولیو سے پاک کرنا ہے جس میں ایک لاکھ20ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں 2020 میں 14 پولیو کیسز سامنے آئے جس کی ایک بڑی وجہ کورونا وبا بھی ہے کیونکہ کورونا وبا ء کے باعث دیگر معاملات کی طرح انسداد پولیو مہم بھی متاثر ہوئی۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع، تحصیل او رنچلی سطح پر پولیو ورکرز کی صحت کے تحفظ کے لئے ایس او پیز کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا گیاہے۔ تمام اضلاع میں متعلقہ وزراء اور ارکان اسمبلی بھی انسداد پولیو مہم میں شامل ہوں گے جبکہ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کرے گی۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ مہم کے دوران دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو بھی انسداد پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے والدین سے  اپنے بچوں کوانسداد پولیو قطرے  پلوانے اور میڈیا کو بچوں کے مستقبل کو اپاہج ہونے سے بچانے کے لئے مہم کا حصہ بننے کی اپیل کی۔