صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کی زیر صدارت محکمانہ اجلاس

 انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے ہفتہ آگاہی مہم چلا نے کا فیصلہ ہفتہ انسانی حقوق میں تصاویری مقابلوں کے ساتھ تقاریری مقابلوں کا اہتمام بھی کیا جائے: صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کی زیر صدارت محکمانہ اجلاس

لاہورر: 1دسمبر کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا تا ہے جبکہ پنجاب میں اس حوالے سے صوبائی محکمہ انسانی حقوق ایک ہفتہ قبل ہی صوبہ بھر میں انسانی حقوق کی آگاہی پر خصوصی زور دینا شروع کر دیتا ہے۔ اسی ضمن میں گزشتہ روز محکمہ انسانی حقوق کے کیمپ آفس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی زیر صدارت اہم محکمانہ اجلاس منعقدکیا گیا، جس میں سیکرٹری انسانی حقو ق ندیم الرحمان،ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یوسف کے ہمراہ فلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں انسانی حقوق کے عالمی دن کی آمد سے قبل تما تر انتظامات بارے اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یوسف نے بتایا کہ گزشتہ برس بھی پنجاب بھر کے اضلاع اور ڈسٹرکٹس کی سطح پر انٹر کالجز کے تحت تصاویری مقابلوں اور تقاریری مقابلوں پر زور دیا گیا تھا جبکہ اس ضمن میں صوبہ بھر میں لیٹرز بھجوا دیئے گئے ہیں تاہم مشاورت کر رہے ہیں کہ گزشتہ برس کی طرز پر لاہور میں ایک تقریب منعقد کی جائے جدھر تمام ہونہار طلبہ کے مابین ایک تصاویری مقابلے کا انعقاد ہواور ایک جیوری،جس میں اساتذہ کے ساتھ انسانی حقوق کے نمائندگان ملکر نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالوں کو انعامات اور اسناد سے نوازیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلا شبہ پنجاب بھر کے کالجزاوریونیورسٹیز میں انسانی حقوق کو تقاریر کی شکل میں اجاگر کرنا ایک منفرد کاوش ہوگی تاہم ہم سب کو ملکر صوبہ بھر میں انسانی حقوق کی آگاہی کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرنا ہوگا تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز ملکر بھرپور طریقے سے ایک ہفتہ انسانی حقوق کی آگاہی سے لوگوں کو روشناس کریں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق میں بچوں،خواتین،بوڑھوں اور دیگر طبقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اور فلاحی و سماجی تنظیموں کا کردار اس حوالے سے منفرد نوعیت کا حامل ہے،اس لئے خواہاں ہیں کہ صوبہ بھر کی اہم فلاحی تنظیموں کو مکمل اعتماد میں لیکر ملکر آگے بڑھا جائے تاکہ ہر سطح تک رسائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے سیکرٹری انسانی حقوق ندیم الرحمان کو ہدایت کہ تمام فلاحی تنظیموں کے ساتھ ملکر ایک جامع پلان ترتیب دیا جائے اور پورا ہفتہ بالخصوص نوجوان نسل کے توسط سے انسانی حقوق کی آگاہی کو یقینی بنایا جائے جبکہ کورونا کی وباء کے باعث تمام تعلیمی اداروں وغیرہ میں پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایس او پیز پر ہر حال میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے سیکرٹری انسانی حقوق کو مزیدہدایت کی کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کو یادگار بنانے کیلئے تمام تر انتظامات کو جلد ازجلد حتمی شکل دیجائے اور اس ضمن میں ایک بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھا جائے۔ اجلا میں یوتھ ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے سربراہ شاہد رحمت،سرچ فار جسٹس افتخار مبارک،فیسز آف پاکستان سے ایوب،سماجی رہنماء ساجد کرسٹوفر اور دیگر افراد نے شرکت کی۔