وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کا جدید نجی ڈیری فارم کا دورہ

نجی و سرکاری سطح پر کارکردگی کے رہنما اصول (KPIs)وضع کرنا نہایت ضروری ہیں:وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک

وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کا جدید نجی ڈیری فارم کا دورہ

لاہور : ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لیے بین الاقوامی سطح پر رائج ڈیری ماڈل اپنانا ہو گا۔یہ بات وزیر برائے لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر ردریشک نے ولائتی گائیوں کے جدید نجی ڈیری فارم کے دورہ کے دوران کہی۔تفصیلات کے مطابق ڈیری سیکٹر کی ترویج بارے کی جانے والی حکومتی کوششوں کا عملی جائزہ لینے کے لیے کئے جانے والے اس دورہ کے دوران وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے ڈیری فارم کے مختلف شعبہ جات جن میں ڈیری شیڈ،ملکنگ پارلراور بچھڑوں کے شیڈز شامل ہیں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈیٹا مینجمنٹ اور ٹیکنالوجی کا استعمال ڈیری بزنس کی بنیادی اکائیاں ہیں جن کی مدد سے مقامی سطح پر نہ صرف ڈیری فارمنگ کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی طور پر اس سیکٹر کی ترویج کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے نجی ڈیری فارم کے انتظامی امورکوسراہا اور کہا کہ پولٹری کی صنعت کے بعد ڈیری فارمنگ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں مثبت کاروباری رجحانات دیکھے جا رہے ہیں۔ مزید یہ کہ حکومتی پالیسی کی بدولت ڈیری فارمنگ کے رجحان میں نمایاں اضافہ ہواہے۔ وزیر لائیوسٹاک نے فارم کی تشخیصی لیبارٹری اور کوالٹی کنٹرول سیکشن کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ امراض کی بروقت تشخیص اور بیماریوں سے بچاو ¿ بارے نجی اور سرکاری لیبارٹریز میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا تاکہ پیداواری نقصانات کو کم کیا جاسکے۔

مزید برآں سرکاری اور نجی فارمز کے مابین تحقیقی معلومات کے تبادلے کی اشد ضرورت ہے تاکہ دودھ کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔ وزیر لائیوسٹاک نے نجی و سرکاری سطح پر کارکردگی کے رہنما اصول (KPIs)وضع کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس دورہ کے اغراض و مقاصد حکومتی پالیسی مرتب کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اس دورہ کے دوران ڈائریکٹر لاہور ڈویژن ڈاکٹر کنور نعیم،ڈائریکٹر کمیونی کیشن ڈاکٹر آصف رفیق اور پی ایس اوڈاکٹر یاسر ابرار بھی وزیر لائیوسٹاک کے ہمراہ تھے۔