شعیب نے تفضل رضوی کا قانونی نوٹس ملنے کی تصدیق کردی

شعیب اختر نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں اپنے وکیل سلمان نیازی کی خدمات حاصل کر لی ہیں جو میری جانب سے نوٹس کا جواب دیں گے

شعیب نے تفضل رضوی کا قانونی نوٹس ملنے کی تصدیق کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر  شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قانونی مشیرتفضل رضوی کی جانب سے قانونی نوٹس ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شعیب اختر نے کہا کہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کی جانب سے انہیں نوٹس موصول ہو گیا ہے، یہ نوٹس من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے۔    شعیب اختر نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں اپنے وکیل سلمان نیازی کی خدمات حاصل کر لی ہیں جو میری جانب سے نوٹس کا جواب دیں گے۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ میں تفضل رضوی کیلئے نااہلی اور غیر تسلی بخش پرفارمنس کے حوالے سے دیئے گئے اپنے الفاظ پر قائم ہوں ۔

واضح رہے کہ ریکارڈ ساز سابق فاسٹ بولر نے پی سی بی کی جانب سے عمر اکمل پر 3 سالہ پابندی کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ بورڈ نے دراصل عمر اکمل پر غصہ نکالا ہے۔ اس موقع پر شعیب اختر نے ماضی کے کیسز پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی تمام کھلاڑیوں کے کیسز الجھاتے ہیں، وہ ماضی میں مجھ سے بھی کیس ہار چکے ہیں۔

اس کے جواب میں پی سی بی کے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی نے کہا تھا کہ شعیب اختر نے سوشل میڈیا کے ذریعے میرے خلاف غلط باتیں کی ہیں اور میں اب سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیےایف آئی اے کو درخواست دے رہا ہوں۔ تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بیرون ملک بھی شعیب اخترکے ریمارکس کو دیکھا اور سنا گیا ہے، میں ان کے خلاف بیرون ملک بھی قانونی کارروائی کروں گا۔