نیب نے آزادانہ اپناکام شروع کیا تو لٹیروں نے واویلا شروع کر دیا ہے۔محمودالرشید

 ن لیگ نے گذشتہ 10سالوں سے نیب کو عضو معطل بناکراپنی اور پیپلزپارٹی کی کرپشن پر پردہ ڈالے رکھا

نیب نے آزادانہ اپناکام شروع کیا تو لٹیروں نے واویلا شروع کر دیا ہے۔محمودالرشید

لاہور:. وزیرہاؤسنگ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہاہے کہ ن لیگ نے گذشتہ 10سالوں سے نیب کو عضو معطل بنائے رکھا، اس کو دھنیا پلاکر سلائے رکھا اور پیپلزپارٹی اور اپنی کرپشن پر پردہ ڈالے رکھا۔ اب نیب نے آزادانہ کام کا آغاز کیا ہے اور اربوں روپوں کی بدعنوانیوں کو قوم کے سامنے لایا ہے تو ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا شروع ہوگئے ہیں اور انہوں نے احتساب کے عمل کو سیاسی رنگ دے کر واویلا شروع کر دیا ہے۔ اپنے بیان میں میاں محمودالرشید نے کہاکہ اپوزیشن نے ملکی سلامتی کے ضامن اداروں کو متنازع بنانے کی گھناؤنی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے اور اس ضمن میں قومی سلامتی کو بھی داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کیا جا رہا ہے لیکن ان کی یہ کوششیں ناکامی سے دوچار ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کو قوم نے کرپشن کے خاتمے کیلئے مینڈیٹ دیا ہے اور پی ٹی آئی حکومت کرپشن کرنے والوں کو ہر حال میں بے نقاب کرے گی۔قوم کے اربوں روپے لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور پی ٹی آئی حکومت ان قومی مجرموں کو ہرحال میں قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔ میاں محمودالرشید نے کہاکہ احتساب کے عمل سے اپوزیشن کے کیمپوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے اور ان کو یہ احساس ہوگیا ہے کہ اب اگلی پچھلی بدعنوانیوں کا حساب دینا ہوگا اسی لئے سب لٹیروں نے نام نہاد اے پی سی کی آڑ لے کر واویلا شروع کر دیا ہے۔