وفاقی محکموں کے بچوں کیلئے وظیفہ فارم 2020-21ء کااجراء

ڈائریکٹر جنرل راحیلہ تاجور کی تعلیمی وظائف سکیم کو کامیاب بنانے کی ہدایت تعلیمی وظائف سے حاضر سروس، ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے بچے مستفید ہو سکیں گے

وفاقی محکموں کے بچوں کیلئے وظیفہ فارم 2020-21ء کااجراء

لاہور:سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان ریجنل آفس لاہور نے ڈائریکٹر جنرل راحیلہ تاجور کے احکامات پر وفاقی محکموں کے ملازمین کے زیر تعلیم بچوں کے تعلیمی وظائف کے لیے فارم کا اجرا ء کر دیا ہے اور اس سکیم کو بھر پور طریقے سے کامیاب کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔چیف ویلفیئر آفیسر لاہور ریجن مقبول احمد چوہان کے مطابق تعلیمی وظائف کی اس سکیم سے حاضر سروس، ریٹائرڈ اور مرحوم ملازمین کے بچے مستفید ہو سکیں گے وفاقی ملازمین کے حفاظ بچے اور بچیاں جنہوں نے 2019-20ء کے دوران قرآن شریف حفظ کیا ہو اور ان کی عمر 20سال سے ز ائد نہ ہو خصوصی وظیفہ کے حق دار ہوں گے ۔

علاوہ ازین وفاقی ملازمین کے وہ بچے جنہوں نے میٹرک، انٹر اور گریجو یشن میں 80فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے ہوں میرٹ سکالر شپ کے حق دار ہوں گے۔ چیف ویلفیئر آفیسر مقبول احمد چوہان نے مزید بتایا کہ سٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن کے تمام ریجنل دفاتر مرکز ی دفتر کے شانہ بشانہ ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر عمل کر تے ہوئے اس سکیم کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں گے۔ وظیفہ فارم سٹاف ویلفیئر آفس کے ریجنل آفس واقع اے جی آفس کمپا ؤنڈ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ہر طرح کے مکمل وظیفہ فارموں کی دستی یا بذریعہ ڈاک وصول کی آخری تاریخ 31اکتوبر  2020ء ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان پوسٹ، پاک ریلوے، ٹیلی کام کمپنی، واپڈا، نادرااور دیگر سیمی گورنمنٹ کے اداروں کے ملازمین اس سکیم کے حقدار نہیں ہوں گے۔ مزید معلومات کیلئے فون نمبر 042-99211823 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔