صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ کا دورہ جھنگ کے دوران اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ

ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں عوامی مسائل و شکایات کے حل کے سلسلہ میں منعقدہ انتظامات کا جائزہ لیا

صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ کا دورہ جھنگ کے دوران اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ

لاہور: صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے اپنے جھنگ دورہ کے دوران اراضی ریکارڈ سنٹرپر گئیں اور انہوں نے ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں عوامی مسائل و شکایات کے حل کے سلسلہ میں منعقدہ انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سرور گجر،اسسٹنٹ کمشنر قاسم گل، ایس پی فاروق ہندل،انچارج لینڈ ریکارڈ آفیسر، تحصیلدارو دیگر متعلقہ سٹاف بھی موجود تھا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے تحت منعقدہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں عوامی مسائل کا تیز رفتار حل یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان کچہریوں میں خواتین کے وراثتی حقوق کی ادائیگی کو ضرور ممکن بنایا جائے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے بتایا کہ کھلی کچہریوں میں کوروناایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد سے عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ تحصیلوں میں بھی ایک چھت تلے لوگوں کے مسائل کا موقع پر ازالہ کیاجارہا ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیروومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے ڈی ایچ کیو اور جھنگ سٹی ہسپتال کا دورہ کیا، اس دوران اے ڈی سی جنرل سرور گجر، سی ای اوہیلتھ ڈاکٹر سید ارتضیٰ الحسنین و ڈی ڈی ایچ اوڈاکٹر عاصم رضا میر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیرنے چلڈرن وارڈ،فی میل وارڈ، پولیس خدمت کاؤنٹر و ڈریسنگ روم کابھی معائنہ کیا اور مریضوں اور لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے گفتگوکی۔انہوں نے زیر علاج بچو ں کوالگ بیڈ زاور ہسپتال سے ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو ریلیف ضرور فراہم کیا جائے، بدلتے موسم کے مطابق ادویات کے سٹاک کو بھی یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے جھنگ سٹی ہسپتال میں ادویات کا سٹاک چیک کیا۔اس موقع پر مریضو ں اوران کے لواحقین نے ہیلتھ سٹاف کے تعاون، ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ جھنگ کے مصروف فوارہ چوک کے دورہ کے دوران مختلف دوکانوں پر گئیں اور اشیائے خوردونوش کے ریٹس کا معائنہ کیا۔

انہوں نے دکانداروں کو حکومتی ریٹس پر اشیائفراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مصنوعی مہنگائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی، دکاندارو ں اور صارفین کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی لازمی پابندی کریں اس میں ہم سب کی بھلائی ہے۔ آشفہ ریاض فتیانہ خواجہ سویٹس شاپ پر بھی گئیں، انہوں نے فوارہ چوک پر صفائی و ستھرائی کے امور کاجائزہ لیا اور مزید بہتری کے لئے موثر اور فعال انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔