غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہماری حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی یو این ڈی پی کےنمائندے کنوٹ اوسٹ بی سے ملاقات میں گفتگو

غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہماری حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی یو این ڈی پی کےنمائندے کنوٹ اوسٹ بی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہماری حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے۔

یہ بات انہوں نے یو این ڈی پی کے پاکستان میں ریزیڈنٹ نمائندے کنوٹ اوسٹ بی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کنوٹ اوسٹ بی کو پاکستان میں بطور ریزیڈنٹ نمائندہ یو این ڈی پی تعیناتی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم پاکستان میں یو این ڈی پی کے تعمیری و مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔پاکستان اور یو این ڈی پی مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے سالہا سال سے مل کر کام کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غریت کا خاتمہ اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ہماری حکومت کی ترجیحات کا اہم حصہ ہے ۔پاکستان اس وقت اقوام متحدہ کی اکنامک اینڈ سوشل کونسل (ایکوساک) کی صدارتی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، بین الاقوامی فورمز پر “ترقیاتی امور سے متعلقہ مباحث” میں ہمیشہ فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں ترقیاتی و موسمیاتی امور سے متعلقہ چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدارترقی کے اہداف 2030 کے حوالے سے، یو این ڈی پی کی معاونت کو سراہا۔یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ نمائندے نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے یو این ڈی پی کی جانب سے، پاکستان کی مکمل معاونت کا یقین دلایا