میاں اسلم اقبال کا مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

 انتظامیہ 24گھنٹوں کے اندر چینی کی قیمتوں میں کمی لائے، گراں فروشوں کی دکانیں غیر معینہ مدت تک سیل کر دی جائیں صوبائی وزیر کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا

میاں اسلم اقبال کا مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آج محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر نے مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ 24گھنٹوں کے اندر چینی کی قیمتوں میں کمی لائے۔اُنہوں نے کہا کہ چینی کا ایکس مل ریٹ 77 روپے ہواور فروخت 100 روپے فی کلو سے زائدپر ہو، یہ برداشت نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی طلب اور رسد کا مسئلہ نہیں، نوٹیفائی قیمتوں پر عملدرآمد کامسئلہ ہے۔انتظامیہ خواب غفلت سے بیدار ہو اور اپنا متحرک کردار ادا کرے۔جن دکانوں پر گراں فروشوی ہو انہیں غیر معینہ مدت کے لئے سیل کردیا جائے۔کسی علاقے سے گراں فروشوی کی شکایت آئی تو متعلقہ انتظامیہ جوابدہ ہوگی۔ میاں اسلم اقبا ل نے کہا کہ مارکیٹوں میں آٹا، چینی اور دیگر اشیاء کی وافر فراہمی سے قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔تاہم بعض علاقوں میں گراں فروشوی کی شکایات ہیں، انہیں دور کیا جائے۔ایڈیشنل سیکرٹری صنعت وتجارت،کمشنر،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔