بلاول زرداری اینڈ کمپنی پی ٹی آئی اور عمران خان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں

وزیر اعظم عمران خان کو کرونا کا احساس دلانے سے پہلے بلاول اپنے اربوں روپے مالیت کے بلاول ہاؤس میں پانی سے پکوڑے تلنا بند کریں ہمت کر کے باہر نکلیں اور لاہور کے کسی ہسپتال میں جا کر کرونا وارڈز کا معائنہ کریں

بلاول زرداری اینڈ کمپنی پی ٹی آئی اور عمران خان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں

لاہور:وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی جانب سے پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان اور حکومت پر تنقید کے جواب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول زرداری اینڈ کمپنی پی ٹی آئی اور عمران خان پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانک لیا کریں۔ انہوں نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے بلاول زرداری کے بیانات کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو کرونا کا احساس دلانے سے پہلے بلاول اپنے اربوں روپے مالیت کے بلاول ہاؤس میں پانی سے پکوڑے تلنا بند کریں ہمت کر کے باہر نکلیں اور لاہور کے کسی ہسپتال میں جا کر کرونا وارڈز کا معائنہ کریں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اسامہ بن لادن کے نام پر سیاست کرنے والے بلاول زرداری شاید بھول گئے ہیں کہ طالبان کا قیام 1994 میں بینظیر بھٹو کی وزارتِ عظمیٰ اور نصیر اللہ بابر کی وزارتِ داخلہ کے دور میں عمل میں لایا گیا اور اس حقیقت کا فخریہ اعتراف نصیر اللہ بابر بطور وزیرِ داخلہ بارہا کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا بلاول کو پتہ ہونا چاہیے کہ 1989 میں ان کی والدہ نے راجیو گاندھی کو خوش کرنے کے لیے ان کے راستے سے کشمیر ہاؤس کے بورڈز ہٹوا دیئے تھے جبکہ کشمیر پر علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر جو کامیاب سفارتکاری وزیرِ اعظم عمران خان نے کی، پہلے کسی نے نہیں کی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ احتساب کے شکنجے میں پھنسے آصف زرداری کے سپوت شوگر کمیشن رپورٹ پر کاروائی کے بعد چھپتے پھر رہے ہیں۔ ساری دنیا میں پیپلز پارٹی کے دہشت گردوں، منشیات فروشوں، کرپٹ عناصر کے ساتھ تعلقات کا چرچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری، فریال تالپور، مراد علی شاہ نے قریبی ساتھیوں اور رشتہ داروں کو من پسند عہدے عطا کیے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ تمام خفیہ اداروں کے پاس پیپلز پارٹی کے شر پسند عناصر کے ساتھ تعلقات کے ثبوت موجود ہیں جبکہ بیسیوں جے آئی ٹیز کی رپورٹیں زرداری خاندان کی سیاہ کاریوں اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے چوہان نے یہ بھی کہا کہ بلاول زرداری دوسروں پر تنقید تو کرتے ہیں، لیکن اپنے گھر کی صفائی میں ہاتھ گندے نہیں کرنا چاہتے۔