پنجاب میں ورلڈ بنک کے 12 تاریخی مقامات کے بحالی پروگرام پر غور

مشیر وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر اجلاس  نڑھ آبشار اور پنج پیر راکس (چٹانوں) کا قدرتی حسن منظرعام پر لائیں گے، آصف محمود

پنجاب میں ورلڈ بنک کے 12 تاریخی مقامات کے بحالی پروگرام پر غور

لاہور: مشیر وزیراعلی پنجاب برائے سیاحت آصف محمود کی زیرصدارت اجلاس میں کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ کے سیاحتی مقامات کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے اور پنجاب میں ورلڈ بنک کے 12 تاریخی مقامات کی بحالی کے پروگرام پر غور کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی صداقت عباسی، جنرل مینجر ٹی ڈی سی پی آپریشنز عاصم رضا نے بھی شرکت کی۔ مشیر سیاحت نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی کوششوں سے پنجاب میں ورلڈ بنک پراجیکٹ کے تحت 12 سائٹس کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ان میں سکھوں کے مقدس مقامات سمیت دیگر اہم تاریخی سائٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ پنجاب میں منفرد سیاحتی مقامات ہیں جہاں تک سیاحوں کی رسائی آسان بنانا ہوگی۔ آصف محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نڑھ آبشار اور پنج پیر راکس (چٹانوں) کا قدرتی حسن منظرعام پر لائیں گے اور اس کے لئے ایک جامع منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ایم این اے صداقت عباسی نے کہا کہ رابطہ سڑکوں کے بغیر پہاڑی مقامات پر سیاحت کا فروغ ممکن نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائیں گے۔