محکمہ سوشل سکیورٹی کا ریٹائرڈ ورکرز کو بھی علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

صوبائی وزیر لیبر انصر مجید کی ہدایت پر سیکرٹری لیبر نے پلان تیار کر لیا

محکمہ سوشل سکیورٹی کا ریٹائرڈ ورکرز کو بھی علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

لاہور :صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل  پنجاب انصر مجید خان  سے سیکرٹری لیبر عامر جان اور کمشنر  پنجاب ایمپلائز  سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن تنویر اقبال نے انکے آفس میں ملاقات کی۔ سیکرٹری لیبر نے صوبائی وزیر کو محکمہ کی کارکردگی اور نئے پراجیکٹ بارے بریفنگ دی جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد ورکرز کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے میکانزم سے آگاہ کیا۔ وزیر محنت نے سیکرٹری، ڈی جی اور کمشنر کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں مزدوروں اور ورکرز کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں مزدوروں کیلئے نئے پراجیٹکس کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل سکیورٹی نے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی  ورکرز کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پلان تیار کر لیا ہے جس پر بہت جلد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے سیکرٹری لیبر کو کم سے کم اجرت کی ادائیگی پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔ وزیر محنت نے بھٹہ مزدوروں کی صحت کے تحفظ کیلئے محکمہ کو فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں اور بھٹوں میں مزدوروں کے لئے پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔