جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں بارہ سیکرٹریز کی تعیناتی اہم قدم ہے: فیاض الحسن چوہان

بزدار حکومت بڑھکیں مارنے کی بجا ئے بہتر سروس ڈیلیوری پر یقین رکھتی ہے: وزیرِ اطلاعات پنجاب

جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں بارہ سیکرٹریز کی تعیناتی اہم قدم ہے: فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جنوبی پنجاب سول سیکریٹریٹ میں 12 محکمہ جات کے سیکریٹریز کی تعیناتی جنوبی پنجاب کو انتظامی خود مختاری دینے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سردار عثمان بزدار نے کوہ سلیمان کے علاقے میں چار چھوٹے ڈیمز کی تعمیر پر ابتدائی کام کرنے کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے۔

ان ڈیمز کا مقصد کوہِ سلیمان کی رودکوہیوں میں پانی کی ضیاع کو بچانا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بزدار حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جانب سنجیدگی سے گامزن ہیں۔ عشروں سے نظر انداز جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کے مسائل کا حل انکی دہلیز پر ملے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بزدار حکومت بڑھکیں مارنے کی بجا ئے بہتر سروس ڈیلیوری پر یقین رکھتی ہے۔ پنجاب کے وسائل پر صرف مخصوص علاقوں یا اضلاع کا حق نہیں۔ انکوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بزدار حکومت وسائل کی منصفانہ تقسیم سے تمام اضلاع کو ترقی کے یکساں موقع فراہم کرے گی۔