پنجاب سرمایہ کاری کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا  اجلاس

سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی مکمل معاونت حاصل ہے: سردار تنویر الیاس خان

پنجاب سرمایہ کاری کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا  اجلاس

لاہور :وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و چئیرمن پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری کے بورڈ آف ڈائریکٹرز  کا 34واں اجلاس پبٹ آفس میں منعقد ہوا۔ حال ہی میں تعینات ہونے والی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارفا اقبال نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام ممبران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک کے قیام میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مکمل معاونت حاصل ہے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں۔اجلاس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کو بڑھانے اور پائپ لائن منصوبوں کا موضوع بھی زیر بحث لایا گیا۔سردار تنویر الیاس خان نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے تمام سرمایہ کار  حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں  خواجہ جلاالدین رومی، عبدالروف مختیار، شیخ احسن رشید،سہیل الطاف  اور دیگر ممبران بھی شریک تھے۔