مستند ڈیٹا کیلئے تمام ورکرز کی رجسٹریشن بے حد ضروری ہے،ورکرز کی رجسٹریشن پر فوکس کیا جائے،میاں اسلم اقبال

سیلف اسسٹمنٹ سکیم کے حوالے سے صوبہ بھر کے ایوان ہائے صنعت وتجارت سے مشاورت کی جائے گی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت

 مستند ڈیٹا کیلئے تمام ورکرز کی رجسٹریشن بے حد ضروری ہے،ورکرز کی رجسٹریشن پر فوکس کیا جائے،میاں اسلم اقبال

لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت آج پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس  منعقدہوا۔جس میں محکمہ محنت و انسانی وسائل کی کارکردگی، استعداد کار بڑھانے، آئندہ کے لائحہ عمل اور ادارے میں اصلاحات کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان، سیکرٹری لیبر جاوید احمد قاضی، سپشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ فضیل آصف، وائس کمشنر پیسی عابد ملہی اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری لیبرجاوید احمد قاضی نے محکمہ محنت و انسانی وسائل کے تنظیمی ڈھانچے اور ادارے میں لائی گئی جدید اصلاحات بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ہے کہ مستند ڈیٹا کیلئے تمام ورکرز کی رجسٹریشن بے حد ضروری ہے اس لئے ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور انکی فلاح و بہبود کیلئے ان کی  رجسٹریشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کی رجسٹریشن کے حوالے سے سیلف اسیسمنٹ سکیم لائی جائے گی اور اس مقصد کے لئے صوبے بھر کے ایوان ہائے صنعت و تجارت سے سیلف اسیسمنٹ سکیم بارے مشاورت کے لئے جلد اجلاس ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دکانوں پر کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کا بھی مکینزم بنایا جائے اورانسپکٹر لیس رجیم پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام محکموں میں فرسودہ اور غیر ضروری ریگولیشنز کا خاتمہ کرکے کاروبار کے عمل کو سہل بنایا جارہا ہے کیونکہصنعت کاری اور سرمایہ کاری کے اہداف کاروبار میں آسانیاں پیدا کرکے ہی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں ورکرز کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ان ہسپتالوں کے معاملات کو ٹھیک کرنا ہوگا۔معیشت کے فروغ میں لیبر فورس کا بنیادی کردار ہے، ان کی فلاح وبہبود کے لئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔صوبائی وزیر محنت انصر مجیدنے کہا کہ محکمہ محنت و انسانی وسائل میں اصلاحات کے ذریعے ایسا نظام لائیں گے کہ کوئی حکومت اسے تبدیل نہ کرسکے۔ ورکرز کی فلاح اور اُن کے حقوق کا تحفظ حکومت کی پہلی ترجیحی ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ضروری اقدامات کریں گے۔سیکرٹری لیبر نے بتایا سوشل سیکورٹی کے ہسپتالوں میں ورکرز کی سہولت کے لئے ای کارڈ سسٹم لایا جارہا ہے۔