وزیر ایکسائز پنجاب کا بڑا فیصلہ، ایکسائز دفاتر کھل گئے

محکمہ ایکسائز نے صارفین کیلئے ''اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم'' ایپ لانچ کردی حفاظتی تدابیر اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دفاتر کھولے،حافظ ممتاز احمد وزیر ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول پنجاب حافظ ممتاز احمد نے ''اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم'' کا افتتاح کردیا،میڈیا سے گفتگو

وزیر ایکسائز پنجاب کا بڑا فیصلہ، ایکسائز دفاتر کھل گئے

لاہور: وزیر ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول پنجاب حافظ ممتاز احمد کا عوامی سہولت کیلئے بڑا فیصلہ،حفاظتی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایکسائز دفاتر آج سے کھل گئے۔حافظ ممتاز احمد نے ڈی جی ایکسائز کے دفتر میں ''اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم'' کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز وجیہہ اللہ کنڈی،ڈی جی ایکسائز مسعودالحق اور دوسرے افسران بھی موجود تھے۔بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے وزیر ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم سے ایجنٹ مافیا کی حوصلہ شکنی ہوگی اور سماجی دوری کے ذریعے کورونا سے محفوظ رہنے میں بھی مدد ملے گی۔سسٹم سے انتظار اور قطار کے جھنجھٹ سے بھی چھٹکارہ ملے گا۔

اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے محدود پیمانے پر صارفین کو دفاتر بلایا جائے گا۔صارفین کو اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت ایکسائز دفاتر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے ڈویژنل دفاتر میں آن لائن سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر محکمہ ایکسائز کی موٹر رجسٹریشن برانچز کو کھولا  جا رہا ہے،جلد باقی دفاتر بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کھول دیے جائیں گے۔صارفین محکمہ ایکسائز کی موبائل ایپ اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم سے ٹائم لیکر دفتر آئیں گے۔بیمار،بخار اور زیادہ عمر کے افراد کے دفاتر میں داخلہ پر پابندی ہوگی۔ ایکسائز عملہ کو دستانے، ماسک،سینیٹائزر اور دوسرا حفاظتی سامان مہیا کردیا گیا ہے۔حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ صارفین اپنے اینڈرائیڈ موبائل کے گوگل پلے سٹور سے ''اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم'' کی ایپ ڈاون لوڈ کریں۔شہری محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ کے ذریعے بھی اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم کا استعمال کر سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ''اپوائٹمنٹ مینجمنٹ سسٹم'' کے ذریعے مطلوبہ سروسز اور دفاتر کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔شہری مطلوبہ تاریخ اور وقت کا انتخاب کریں۔سسٹم پرصارف کو شناختی کارڈ،ای میل اور دوسری ضروری معلومات درج کرنا ہونگی۔صارف کو اپوائٹمنٹ کا شیڈول پیش کیا جائے گا اور صارف کو کامیاب اپوائٹمنٹ پر کنفرمیشن کا پیغام موصول ہوگا جس کے بعد صارفین مقررہ تاریخ اور وقت پر ایکسائز دفاتر کے وزٹ کر سکتے ہیں۔ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی بذریعہ ای پے کی جاسکتی ہے۔

حافظ ممتاز احمد کا کہنا تھا کہ ایکسائز دفاتر میں حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اے ایم ایس کو مربوط نظام کے تحت اپنایا گیا ہے۔سسٹم کی مانیٹرنگ کا بہترین طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ عوام کو محکمہ ایکسائز بہترین سہولیات مہیا کر رہا ہے۔پراپرٹی ٹیکس اور پروفیشنل ٹیکس میں خاطر خواہ ریلیف دیا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی کا منشور عوامی خدمت ہے جس پر محکمہ ایکسائز پوری طرح عمل پیرا ہے۔آئندہ بجٹ میں عوام کو مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے کمربستہ ہیں۔