شاہین لاہور قلندرز کی ٹائٹل فتح کیلیے پْر امید

شاہین لاہور قلندرز کی ٹائٹل فتح کیلیے پْر امید

پاکستان کرکٹ کی  ویب سائٹ کے پروگرام  میں گفتگوکرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ پی ایس ایل6کے کراچی میں میچز کے دوران ہمارے کھلاڑیوں میں خاصی ہم آہنگی دیکھنے میں آئی،ہم فتوحات کا تسلسل ابوظبی میں بھی برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل پر قبضہ جمانے کیلیے پْرعزم ہیں،میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کیلیے اچھا پرفارم کروں، 100فیصد پرفارم کرنے کیلیے محنت کروں گا، وکٹیں حاصل ہونا یا نہ ہونا میرے ہاتھ میں نہیں، میری خواہش ہے کہ بولنگ سے ٹیم کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔کراچی میں کھیلے جانے والے 4میچز میں 9وکٹیں حاصل کرنے والے پیسر نے کہا کہ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ہم نے اچھا آغاز کیا، میں اپنی بولنگ کے اسی معیار کو ابوظبی بھی برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ہر بولر کا ایک خاص ہتھیار ہوتا ہے،میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کے اختتامی اوورز میں زیادہ یارکرز کا استعمال کرتا ہوں،نئی گیند سے اننگز کی ابتدا میں سوئنگ سے بھی مدد ملتی ہے،میں یارکرز سمیت ورائٹیز میں مہارت کیلیے نیٹ میں پریکٹس کرتا ہوں، تجربہ کامیاب ہونے پر پھر میچ میں بھی اسے استعمال کرتا ہوں۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹ سے لطف اندوز ہوتا ہوں،ٹیسٹ کرکٹ ہر سیشن میں صلاحیتوں کا امتحان لیتی ہے،یہ فارمیٹ آپ کو مضبوط بناتا ہے، اسی لیے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوتا ہوں۔

ایک سوال پرنوجوان پیسر نے کہا کہ میں نے اپنے بڑے بھائی ریاض آفریدی کو دیکھ کر ہی کرکٹ شروع کی،انھیں اور شاہد آفریدی کو اپنا آئیڈیل سمجھتا ہوں،بطور بولر وسیم اکرم پسند ہیں، سابق پیسر ایک لیجنڈ ہیں، انھوں نے ملک کیلیے بڑی خدمات سرانجام دی ہیں،میں انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔