سابق اداکارہ ثنا خان کا اپنے حجاب پر تنقید کرنے والے کو جواب

سابق اداکارہ ثنا خان کا اپنے حجاب پر تنقید کرنے والے کو جواب

ممبئی: بالی ووڈ کی سابق اداکارہ ثنا خان نے اپنے حجاب اور پردے پر تنقید کرنے والے کو جواب دیا ہے۔

بھارتی فلموں کی سابق اداکارہ اور بگ باس اسٹار ثنا خان گزشتہ برس اسلام کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہیں اور جس دن سے انہوں نے یہ فیصلہ لیا ہے اس دن سے ان کی شخصیت میں بھی کافی تبدیلیاں آچکی ہیں۔مغربی لباس پہننے والی سابق اداکارہ اب مکمل طور پر حجاب میں ملبوس میں نظر آتی ہیں۔ گزشتہ برس انہوں نے مفتی انس سے شادی کی تھی اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ دونوں اپنی شادی شدہ زندگی میں بے حد خوش ہیں۔

گزشتہ روز ثنا خان نے اپنی حجاب میں ملبوس ایک تصویر اور چند خوبصورت باتیں سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ ثنا خان نے لکھا ’’سنو! لوگوں سے ڈرتے کیوں ہو؟ کیا تم نے یہ آیت نہیں پڑھی ’اللہ جسے چاہے عزت دیتا ہے، اور اللہ جسے چاہے ذلت دیتا ہے۔‘ کبھی عزتوں میں ذلت چھپی ہوتی ہے اور کبھی ذلتوں میں عزت۔ سوچنا اور سمجھنا ہمیں ہے کہ ہم کون سے راستے پر ہیں اور اصل میں ہم کس چیز کے حقدار بن رہے ہیں۔‘