وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار عوامی مسائل کا مکمل ادراک رکھتے ہیں: ملک محمد انور

اور ان کے حل کے لیے کوشاں ہیں انہوں نے ان خیا لات کا اظہار سہولت بازار فتح جنگ کا دورہ کر تے ہوئے کیا: صوبائی وزیر مال

وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار عوامی مسائل کا مکمل ادراک رکھتے ہیں: ملک محمد انور

لاہور : صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار عوامی مسائل کا مکمل ادراک رکھتے ہیں اور ان کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ان خیا لات کا اظہار سہولت بازار فتح جنگ کا دورہ کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ ملک عظیم اعوان،چیف آفیسر بلدیہ فتح جنگ خان بادشاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملک محمدانور نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اوراس ضمن میں تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔

حکومت کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے اور مہنگائی کی اس لہر کو قابو میں لانے کی کو ششیں جاری ہیں، روزانہ کی بنیاد پر حالات کا جائزہ لیاجارہا ہے اور بہت جلد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لا یا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں عوام کے لیے سہولت بازار لگائے گئے ہیں جہاں پر اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔ صوبائی وزیر نے سہولت بازار میں لگے مختلف سٹالز کا دورہ کیا،قیمتوں کا جائزہ لیا اور ان کے اعلیٰ معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھو تہ نہ کر نے کی ہدایات جاری کیں۔