محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیر اہتمام معذور، غرباء اور بیواؤں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب

صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے 64لاکھ70ہزار کے امدادی چیک تقسیم کئے

محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیر اہتمام معذور، غرباء اور بیواؤں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب

لاہور: محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال قصور کے زیر اہتمام غرباء، بیواؤں اور معذور افراد میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب تحصیل کونسل ہال قصور میں منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار محمد ہاشم ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین چیمہ، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اسرار احمد انجم، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد سہیل، امین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم، چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی حکیم مختار احمد، وائس چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی رانا واجد علی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیصر ایوب شیخ، ضلعی صدر روبینہ انصاری اور دیگر نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر نے 391مستحقین، خصوصی افراد اور غرباء میں 64لاکھ70ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ریاست مدینہ کے ویژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی نگرانی میں مستحقین زکوٰۃ کی فلاح وبہبود کیلئے پنجاب حکومت کوشاں ہے۔معذور، غریب، نادار، مسکین اور بیواؤں کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سلسلے میں صوبہ بھر میں پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام کیا جا رہا ہے۔