صحافی برادری کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے,ندیم قریشی

پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و کلچر پنجاب محمد ندیم قریشی کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز سے ملاقات

صحافی برادری کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے,ندیم قریشی

لاہور:پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و کلچر پنجاب محمد ندیم قریشی کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز سے ملاقات۔ ملاقات میں آزادی صحافت،صحافیوں کے مسائل اور ان کے حل سمیت  مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ھے اور صحافت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم کیا گیا ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جلد سے جلد سارے مسائل حل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے میڈیا ریاست کا ایک اہم ستون ہے اور میڈیا کی مضبوطی ریاست کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ میڈیا کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔ندیم قریشی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی میڈیا وار اور غیر مدلل اور جھوٹے پروپیگنڈے  کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ ملک میں افراتفری ہو لیکن ملک کی بہتری کے لیے عوام میں بے چینی اور غلط افواہوں کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات  محمد ندیم قریشی نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز سے ملاقات میں ملتان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔شبلی فراز نے ملتان پریس کلب کے دورہ کی دعوت  قبول کرتے ہوئے جلد ساوتھ پنجاب اور ملتان کے صحافی بھائیوں سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔