امید ہے ٹرمپ جلد صحتیاب ہوں گے: چین

ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کے کورونا میں مبتلا ہونے کا سن کر بہت افسوس ہوا

امید ہے ٹرمپ جلد صحتیاب ہوں گے: چین

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کے کورونا میں مبتلا ہونے کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، ٹرمپ کو سانس لینے میں دشواری کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال منتقلی کے لیے وہ چہرے پر بڑا سا کالا ماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔ صدر ٹرمپ کو اب آئندہ چند روز تک ملٹری اسپتال میں ہی رہنا پڑے گا، جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے، ان کا وائٹ ہاؤس ہی میں علاج شروع کردیا گیا تھا اور تجرباتی ٹریٹمنٹ دی جا رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اینٹی وائرل کووڈ 19 ڈرگ ریمیڈ سیور دی جا رہی ہے، انہیں سپلی مینٹل آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈولنڈ ٹرمپ میں کوویڈ نائنٹین کی درمیانے درجے کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، انہیں بخار ہے، سینے میں درد اور کھانسی ہے۔ صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں، تاہم اینٹی باڈیز دیئے جانے کے موقع پر انہوں نے انکار نہیں کیا، اُنہیں وٹامن ڈی، ایسپرین، فیموٹیڈائین famotidine اور میلاٹونین melatonin بھی دی جا رہی ہیں۔ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹ عارضی طور پر ملتوی یا ورچوئل کر دیئے گئے ہیں، خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کے ایونٹس بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے توقع ظاہر کی ہے کہ صدر ٹرمپ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے، صدر کا پی سی آر ٹیسٹ جمعے کو مثبت آیا تھا۔ امریکی صدر ٹرمپ کی عمر 74 برس ہے، امریکا کے بعض اعلیٰ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ عمر اور وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ زیادہ سنگین نوعیت کی کوویڈ نائنٹین بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی سینیٹر مائیک لی بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں تاہم نائب صدر مائیک پنس، ان کی اہلیہ کیرین پنس، ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن، ان کی اہلیہ جل بائیڈن اور اسپیکر نینسی پلوسی کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔