بزدار حکومت کفایت شعاری کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے:  فیاض الحسن چوہان

حکومت ملکی خزانے کی امین ہے، ہر صورت بچت کی جائے گی: فیاض الحسن چوہان

بزدار حکومت کفایت شعاری کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے:  فیاض الحسن چوہان

لاہور :  وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں بزدار حکومت کفایت شعاری کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کو اپناتے ہوئے گزشتہ دو سال میں ایوانِ وزیرِ اعلیٰ کے اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی۔ انہوں نے شہباز شریف حکومت کے آخری سال اور بزدار حکومت کے دو سالہ دورِ حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ 2017-18 میں ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ سی ایم سیکریٹریٹ کے کل اخراجات 238 ملین تھے۔ بزدار حکومت 2019-20 میں یہ اخراجات 37 فیصد کمی کے ساتھ 150.52 ملین پر لے آئی۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ بزدار حکومت کے پہلے دو سال میں سی ایم آفس کے تحائف اور تفریح کی مد میں کئے جانے والے اخراجات میں 56 فیصد کمی کی گئی۔ 2017-18 میں یہ اخراجات 89.9 ملین تھے، 2019-20 میں 39.99 فیصد ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی مرمت کی مد میں گزشتہ دو سال میں بزدار حکومت نے 53 فیصد جبکہ سی ایم آفس کے سیکیورٹی اخراجات کی مد میں 85 فیصد کمی کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ حکومت ملکی خزانے کی امین ہے،  ہر صورت بچت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ادوار میں سی ایم آفس کو ذاتی ملازمین کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کر کے ایوانِ وزیرِ اعلیٰ کا تقدس پامال کیا گیا۔