لائیوسٹاک فارمز پر جدید تکنیک کے استعمال سے جد ت لائی جائے گی:وزیر لائیوسٹاک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک

وزیر لائیوسٹاک پنجاب کا جدید تکنیک کے استعمال سے جانوروں کی شناخت بارے اہم اجلاس سے خطاب

لائیوسٹاک فارمز پر جدید تکنیک کے استعمال سے جد ت لائی جائے گی:وزیر لائیوسٹاک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک

لاہور:وزیر لائیوسٹاک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ گورنمنٹ لائیوسٹاک فارمز پر جدید تکنیک کے استعمال سے جدت لائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات ڈائریکٹر جنرل(توسیع)کے دفتر میں اعلیٰ سطحی محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس کا مقصد محکمہ لائیوسٹاک کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔اجلاس کے دوران نجی کمپنی کے نمائندگان نے وزیر لائیوسٹاک پنجاب کو مویشیوں کی شناخت میں جدید تکنیک کے استعمال بارے بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر لائیوسٹاک پنجاب سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ جدید تکنیک کی مدد سے لائیوسٹاک فارموں پہ مویشیوں کی شناخت کرنا اور اُن سے متعلق معلومات مرتب کرنا آسان ہو گا۔یاد رہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں مویشیوں کے ایسے بڑے فارمز موجود ہیں جن میں کثیر تعداد میں مویشی ہونے کے باعث اُن کی شناخت اور معلومات کا ریکارڈ رکھنا ایک پیچیدہ اور ضروری امر ہوتا ہے۔اس مقصد کے لیے ٹیگنگ اور برانڈنگ کی مددسے جانوروں کی پہچان کی جاتی ہے جب کہ نئی متعارف کروائی گئی تکنیک میں کمپیوٹرائز ڈ ایپلی کیشن کی مدد سے گائے بھینسوں کی اُن کے تھوتھنے کی مدد سے جانورو ں کی شناخت کی جاسکتی ہے نیز اس کی مدد سے جانور اور اُس کے مالک کی معلومات کو اکھٹا محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

یہ ایپلی کیشن جانوروں کی شناخت کے علاوہ اُن کی انشورنس اور مال شماری میں بھی مدد گار ثابت ہو گی۔ اجلاس میں محکمہ لائیوسٹاک کے ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر منصور احمد، ڈائریکٹر جنرل(پروڈکشن)ڈاکٹر نوید احمد نیازی سمیت سینئرویٹرنری ڈاکٹرز اورلائیوسٹاک ماہرین نے بھی شرکت کی۔