کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالاضحی پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور عید اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسروں کے ساتھ منائی

کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالاضحی پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور عید اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسروں کے ساتھ منائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔  اس موقع پر اپنے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارا دشمن پاکستان اور خطہ کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے، ہم اپنے دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔

آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر آپریشنل تیاریوں اور مسلسل موثر نگرانی پر جوانوں کو سراہا۔  آرمی چیف نے کہا کہ عیدالاضحی غیر مشروط قربانی کا مظہر ہے، قربانی کے جذبہ کو فوجی جوان سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔  جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیری تمام مشکلات کے باوجود استصواب رائے کے حق پر ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیری جرات و بہادری سے بھارتی ظلم اور تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔  کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ آرمی چیف نے این آئی سی، این آئی ایچ ڈی کا بھی دورہ کیا۔