صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کررہا ہوں،غفلت یا کوتاہی پرایکشن ہوگا:عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی عید کے روز لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس ساندہ آمد، صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی مانیٹرنگ سیل کا دورہ

صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کررہا ہوں،غفلت یا کوتاہی پرایکشن ہوگا:عثمان بزدار

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے عید الاضحی کے روز لوکل گورنمنٹ بورڈکمپلیکس ساندہ کادورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی مانیٹرنگ سیل کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی مانیٹرنگ سیل میں صوبہ بھر میں عید الاضحی پر صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی سیکرٹری بلدیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کیلئے کیے جانیوالے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویڈیو لنک پر مختلف شہروں کی انتظامیہ سے گفتگو کی اورصفائی کے انتظامات کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ صفائی کے اچھے انتظامات پرمتعلقہ اضلاع کے افسروں اورعملے کو انعام دیا جائے گا۔خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آلائشوں کو بروقت اٹھایا جائے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔ سڑکوں یا گلی محلوں میں آلائشیں نظر نہیں آنی چاہئیں۔ لاہور سمیت تمام شہر صاف ستھرے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں،متعلقہ ادارے اورانتظامیہ صفائی انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ صفائی کے انتظامات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہتر ہونے چاہئیں۔

متعلقہ اداروں کے افسران صفائی کے انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے۔ صفائی کے انتظامات کی خود نگرانی کررہا ہوں - غفلت یا کوتاہی پرایکشن ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ بلدیات کی استعداد کار بڑھا رہے ہیں۔نئے بلدیاتی الیکشن کی طرف جارہے ہیں۔نئے بلدیاتی نظام سے عوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گے۔بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں نئی لوکل گورنمنٹ اکیڈمی بنائیں گے۔افسران صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے خودفیلڈ پر موجود رہیں۔تبدیلی واضح طورپر نظر آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت سے بڑھ کرکوئی اورترجیح نہیں۔