ملتان کی ناکام جلسی کے بعد جاتی امراء کی راج کماری اور کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

سیاسی تماشا لگانے والے بہت جلد خود تماشا بننے والے ہیں 30 سال تک پاکستان کو بے دردی سے لوٹنے والے کسی صورت راہنما نہیں بلکہ راہزن ہیں ملک میں کرونا کی صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے، اپوزیشن جلسے جلوسوں سے باز رہے  ان حالات میں عوامی اجتماع کا انعقاد عوام سے کھلی دشمنی ہے انہیں عوام کی نہیں بلکہ لوٹی ہوئی دولت بچانے کی فکر ہے:معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات

ملتان کی ناکام جلسی کے بعد جاتی امراء کی راج کماری اور کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں:ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن کورونا پھیلانے سے باز رہے۔صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کے727کنفرم کیسز سامنے آئے اور25مریض جاں بحق ہوئے،پنجاب میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد19,000 ہوچکی ہے، جبکہ3,091 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ان حالات میں عوامی اجتماع کا انعقاد عوام سے کھلی دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی جلسی کے بعد جاتی امراء کی راج کماری اور کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔راج کماری اور کنیزیں خود فریبی اور خوف کا شکار ہیں۔ سیاسی تماشا لگانے والے بہت جلد خود تماشا بننے والے ہیں۔ اسحاق ڈار کے انٹر ویو کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ بین الاقوامی منی لانڈر اسحاق ڈار کا بی بی سی کو دیا گیا انٹرویو جھوٹ اور سچ کی خود گواہی دے رہا ہے۔ عدالتی ریکارڈکیمطابق منشی صاحب کی پاکستان میں 13اوربیرون ملک7جائیدادیں ہیں۔اسحاق ڈار اور اُنکی اہلیہ کے نام 3لینڈ کروزر،2مرسیڈز،ایک کرولا گاڑی کے علاوہ منشی صاحب کے6بینک اکاؤنٹس ہیں۔

یہی منشی صاحب ماضی میں تمام کرپشن اور منی لانڈرنگ کا اقرار کرنے کے بعدمُکر گئے۔ اسحاق ڈار کے منہ سے ڈر کے مارے سچ نکلا اور ایک بار پھر ”شریف سیاست“ کا پردہ چاک ہوا۔ 30 سال تک پاکستان کو بے دردی سے لوٹنے والے کسی صورت راہنما نہیں بلکہ راہزن ہیں۔22 کروڑ عوام راج کماری اور شہزادے کے خاندانوں کی لوٹ مار کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ مفرور لیگ کی شناختی علامت ہے. یہ لوگ سرٹیفائیڈجھوٹے ہیں۔ یہ وہی خاندان ہے جو کیلبری فونٹ کی ایجاد سے پہلے اسے استعمال کرنے کا ہنر جانتا تھا۔یہ مفرور 10سالہ ڈیل کرکے ملک سے فرار ہوئے پھر ڈھٹائی کیساتھ اسکے انکاری بھی رہے۔