صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء کے عمل کو تیز کیا گیاہے

متعلقہ محکموں کو ٹائم لائن کے اندر این او سی کے اجراء کا پابند بنایا گیا ہے،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کے وفد سے گفتگو

صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء کے عمل کو تیز کیا گیاہے

لاہور:صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے آج بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کے وفد نے بریگیڈیئر سید کوثر حسین(ر)کی قیادت میں ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کی جانب سے اٹک ،میانوالی اور خوشاب میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔ وفد کے سربراہ نے بتایا کہ ہمارے گروپ نے اٹک،میانوالی اور خوشاب میں نئے سیمنٹ   پلانٹس لگانے کے لئے اپلائی کررکھا ہے اوراین او سی کے منتظر ہیں۔ ہمارگروپ این اوسی ملتے ہی سیمنٹ انڈسٹری میں اربوں روپے کی  نئی سرمایہ کاری کرے گا۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے حوالے سے ون ونڈو کی سہولت دی ہے اورصوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء کے عمل کو تیز کیا گیاہے۔متعلقہ محکموں کو ٹائم لائن کے اندر این او سی کے اجراء کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے پانچ این او سی جاری ہوچکے،مزید پانچ این او سی جلد جاری ہوں گے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگنے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کی اٹک،خوشاب اور میانوالی میں سیمنٹ سیکٹر میں نئی سرمایہ کاری خیر مقدم کرتے ہیں اوران علاقوں میں بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کوسیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے جلد اجراء کو یقینی بنایا جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ این او سی حاصل کرنے والی کمپنیوں کو 6 ماہ کے اندر پلانٹ لگانے کا بھی پابند بنایا جائے گا۔ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات،ڈی جی معدنیات،بیسٹ وے گروپ کے ارشاد علی،ضیغم عباس اور کرنل ثاقب ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔