چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی آئی جی پولیس پنجاب سے ملاقات

خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے باہم کاوشیں کرنے پر اتفاق

چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی آئی جی پولیس پنجاب سے ملاقات

لاہور : چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کنیز فاطمہ چدھڑ نے آئی جی پولیس پنجاب انعام غنی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں اداروں کا خواتین پر تشدد کے روک تھام کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید بہتر کرنے کے لئے منصوبہ بندی اور تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام میں عملی طور پر مؤثر کردار ادا کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر انسداد تشدد مرکز ملتان کی کارکردگی میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو موثر بنانے اور بہتر رابطہ کاری کے لیے لائحہ عمل مرتب کئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس سلسلہ میں پنجاب پولیس کی طرف سے اے آئی جی آپریشن غازی صلاح الدین کو ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کیلئے فوکل پرسن نامزد کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پولیس افسران اور آفیشلز کے لئے بھی جینڈر بیس وائلنس کے حوالے سے باہمی تعاون سے تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے تاکہ تشدد کا شکار خواتین کو محفوظ اور بہتر قانونی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ملاقات کے دوران ڈی آئی جی لیگل جواد ڈوگر بھی موجود تھے۔