پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا،وزیر اعظم عمران خان

پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا،وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد۔ :وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، مقامی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو یقینی بنا کر با صلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے.

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم نے ہفتہ کو یہاں نیشنل سپورٹس پالیسی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے کی ازسرِ نو تشکیل پر اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ریگولیٹر کے طور پر کام کرے گا، پاکستان سپورٹس بورڈ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ملک میں کھیلوں میں نواجوانوں کی شرکت بڑھنے سے کھیلوں کا معیار بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں دنیا کا ہر میدان فتح کرنے کی صلاحیت موجود ہے،

اجلاس کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی ڈھانچے، نیشنل سپورٹس پالیسی، اس حوالے سے صوبوں سے مشاورت اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کا آئینی مسودہ تیار ہے جسکے تحت بورڈ اور ایگزیکیٹیو کمیٹی کے ممبران کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ بورڈ کے اختیارات و ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کی فضاء کے قیام کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ آئین کے تحت ادارے کا نیا انتظامی ڈھانچہ بھی تیار کیا گیا ہے جبکہ نیا آئینی مسودہ بھی سی سی ایل سی سے منظور ہوچکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں، جن میں رجسٹریشن، الیکشن کا طریقہ کار، ماڈل کانسٹی ٹیوشن، ریگولیٹری فریم ورک اور نیشنل اینٹی ڈوپنگ آرگنائیزیشن آف پاکستان شامل ہیں۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کے شرکاء کو صوبوں سے نیشنل سپورٹس پالیسی کی تیاری کے حوالے سے مشارت کے بارے بھی بتایا گیا۔