باؤلا پن سے بچاؤ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز

محکمہ لائیوسٹاک باؤلا پن کے تدارک اور کنٹرول پروگرام پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے: ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر زبیر باری

باؤلا پن سے بچاؤ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز

لاہور: پالتو جانوروں اور اُن سے انسانوں کو لاحق باؤلا پن کے سنگین خطرات سے نمٹے کے لیے محکمہ لائیوسٹاک ہر ممکن اقدامات بروئے کار لا رہا ہے یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور ڈاکٹر زبیر احمد باری نے ضلع لاہور میں باؤلاپن سے بچاؤ مہم کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک لاہور نے ادارہ انسداد بے رحمی حیوانات اور نجی فلاحی تنظیموں کے تعاون سے ضلع لاہور میں ریبیز ویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ضلع بھر میں آوارہ اور پالتو جانوروں کو باؤلاپن سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات مفت اور دہلیز پر لگائے جا رہے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک لاہور ڈاکٹر زبیر احمد باری نے اس موقع پر باؤلاپن سے بچاؤ کی مہم کو اس موذی مرض سے نجات کا وحد حل قرار دیا اور کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک تمام اداروں کے ساتھ مشترکہ تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا اس مہم کے دوران نہ صرف پالتو جانوروں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جا رہے ہیں بلکہ عوام الناس میں اس مہلک مرض بارے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکہ لگنے کے بعد پالتوجانوروں کو شناختی ٹیگ بھی لگایا جارہا ہے تاکہ اقوام امتحدہ کے پروگرام برائے تدارک باؤ لا پن 2030کی تکمیل کے لیے با اعتماد ڈیٹا میسر ہو سکے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے اس مہم کو کامیاب بنانے میں لائیوسٹاک ٹیم، ادارہ انسداد بے رحمی حیوانات اور نجی فلاحی تنظیموں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔