پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سےوی پی این ایس رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ

کاروباری اداروں اور عام افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وی پی این ایس رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب صارفین 31 جولائی تک رجسٹریشن کراسکیں گے: پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سےوی پی این ایس رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ

گزشتہ مہینے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ پر ہر طرح کے مواد تک رسائی کے لیے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی این) سافٹ ویئر استعمال کرنے والے صارفین کو رجسٹریشن کے لیے 30 جون تک مہلت دی گئی تھی، تاہم اب اس مدت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ پی ٹی  اےکے مطابق کاروباری اداروں اور عام افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وی پی این ایس رجسٹریشن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب صارفین 31 جولائی تک رجسٹریشن کراسکیں گے۔

بیان میں انٹرنیٹ صارفین کو تجویز دی گئی کہ وہ اپنے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر سے 31 جولائی تک وی پی این کی رجسٹریشن کروالیں، جبکہ متعلقہ معلومات کے لیے ای میل ایڈریس ipreport@pta.gov.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل جون کے وسط میں ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے صارفین آخری تاریخ کے بعد وی پی این کے کسی بھی سافٹ ویئرز کو استعمال کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔

اس وقت پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ 30 جون تک تمام صارفین مفت میں انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز سے وی پی این کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کو 2 فارمز فراہم کیے گئے ہیں، جنہیں بھرنے کے بعد صارفین کی رجسٹریشن ہو جائے گی۔ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ایک ادارے کی جانب سے ڈان کو فراہم کیے گئے رجسٹریشن فارم سے پتہ چلتا ہے کہ صارف کو رجسٹریشن کے لیے حساس معلومات بھی فراہم کرنے پڑے گی۔