لیونل میسی کے کلب سے معاہدے کی توسیع کے لیے مذاکرات ختم

  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میسی اور ان کے والد جورج نے کلب سے2017 میں ہونے والی تجدیدی معاہدے کی مزید توسیع کے لیے بات چیت شروع کی تھی، لیکن وہ کلب سے مزید منسلک رہنے کے خواہاں نہیں ہیں

لیونل میسی کے کلب سے معاہدے کی توسیع کے لیے مذاکرات ختم

اسپین کے مشہور کلب بارسلونا کے کپتان اور ارجنٹینا کے شہرہ آفاق کھلاڑی لیونل میسی نے کلب سے معاہدے کی توسیع کے لیے مذاکرات ختم کردیے ہیں۔ خبر ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ریڈیو اسپین کا کہنا تھا کہ میسی بارسلونا چھوڑنے کو تیار ہیں اور 2021 میں معاہدہ ختم ہوتے ہی چلے جائیں گے۔  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میسی اور ان کے والد جورج نے کلب سے2017 میں ہونے والی تجدیدی معاہدے کی مزید توسیع کے لیے بات چیت شروع کی تھی، لیکن وہ کلب سے مزید منسلک رہنے کے خواہاں نہیں ہیں۔

میسی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ جنوری میں کلب کے کوچ ایرنیسٹو والویردو کی برطرفی کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے اور اس سے متعلق خبریں لیک ہونے پر غصے میں ہیں۔ کلب کے کپتان کھلاڑیوں کے معیار پر بھی دل برداشتہ ہیں۔ بارسلونا کی جانب سے اس رپورٹ کے جواب میں کچھ نہیں کہا گیا اور تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ خیال رہے کہ 33 سالہ میسی نے بارسلونا کی جانب سے رواں ہفتے ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے گول کرکے اپنے کیریئر کا 700 واں گول کیا تھا لیکن یہ میچ 2-2 سے برابری پر ختم ہوگیا تھا۔ بارسلونا اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کے درمیان میچ برابری پر ختم کے باعث بارسلونا ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی تھی۔