ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

کراچی: انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی۔

عالمی و مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور افراط زر کی شرح 27.3فیصد سے گھٹ کر 23.2فیصد پر آنے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی تنزلی کا تسلسل برقرار ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.92 روپے کی کمی سے 225.36 روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 75 پیسے کی کمی سے 229.25 روپے ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ دنوں میں ڈالر 200 روپے سے نیچے آجائے گا، اسحاق ڈار کا دعویٰ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے چارج سنبھالتے ہی وزارت خزانہ اور مرکزی بینک میں اپنا رسوخ بڑھانے سے پاکستانی روپیہ استحکام کی جانب گامزن ہے تاہم بعض معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر نے نچلی سطح پر جتنا جانا تھا وہ عمل مکمل ہوگیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت کو درپیش چیلنجز کے باوجود تجارت وصنعتی حلقوں کو نئے وزیرخزانہ سے وابستہ امیدیں روپے کے مقابلے میں ڈالر کو چت کررہی ہیں کیونکہ تجارت وصنعتی حلقوں کو توقع ہے کہ نئے وزیر خزانہ اپنے وسیع تجربے کے باعث معیشت کوبھنور سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔