جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی، فخر زمان کی 193 رنز کی دھواں دار اننگز

جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 17 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی، فخر زمان کی 193 رنز کی دھواں دار اننگز

جوہانسبرگ :جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 17 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پروٹیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 341 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ تیمبا بووما 92، کوئنٹن ڈی کاک 80، وین ڈر ڈوسین 60 اور ڈیوڈ ملر 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ حارث رئوف نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان نے فخر زمان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔

فخر زمان نے غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 155 گیندوں پر 193 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کر لئے۔ ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔ انہیں مرد میدان قرار دیا گیا۔ اتوار کو وانڈررز سٹیڈیم، جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔ کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم نے 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

مارکرم 39 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر آصف علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈی کاک اور کپتان تیمبا بووما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ میں 114 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 169 تک پہنچا دیا۔ ڈی کاک 80 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ مڈل آرڈر بلے باز وین ڈر ڈوسین نے 37 گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ تیمبا بووما 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد حارث رئوف کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

آخر میں ڈیوڈ ملر نے 27 گیندوں پر 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ حارث رئوف نے تین جبکہ شاہین آفریدی، محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنائے۔ فخر زمان نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 155 گیندوں پر 193 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

بدقسمتی سے وہ 7 رنز کے فرق سے کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ ان کی اننگز میں 10 چھکے اور 18 چوکے شامل تھے۔ بابر اعظم 31 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ اینرچ نورجے نے تین اور اینڈلی فلکوائیو نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فخر زمان کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا