یوم استحصال کشمیرکے موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اورگورنر چوہدری محمد سرور کی قیادت میں گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک ریلی

بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے سائرن اورپاکستان اورآزاد جموں و کشمیر کے ترانے بجائے گئے  عثمان بزدار، چوہدری محمد سرور،صوبائی وزراء اراکین اسمبلی نے فیصل چوک میں ہاتھوں کی زنجیر بنا کرکشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا

یوم استحصال کشمیرکے موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار اورگورنر چوہدری محمد سرور کی قیادت میں گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک ریلی

لاہور: یوم استحصال کشمیرکے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں آج گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک ریلی نکالی گئی۔بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے سائرن بجائے گئے اورپاکستان اورآزاد جموں و کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار،گورنر چوہدری محمد سرور،صوبائی وزراء اراکین اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداران نے فیصل چوک میں ہاتھوں کی زنجیر بنا کرکشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔فضاء”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ریلی کے شرکاء نے پاکستان اورکشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے فیصل چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم آج یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منا رہی ہے۔غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں، انہیں کبھی نہیں بھول سکتے۔

کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھے،آج بھی ساتھ ہیں اورکل بھی ساتھ رہیں گے۔قائداعظمؒ نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ہم کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہورسمیت پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک سڑک کانام سرینگرروڈرکھنے کااعلان کرتے ہوئے کہا  کہ کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا دیں۔بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔ہم بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔

پاکستان کشمیر کے بغیرادھورا ہے۔ مودی فاشسٹ اورہٹلر کا شاگرد ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے پہلے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا اورپھر مقبوضہ کشمیر میں۔مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیاہے۔22کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ریلی میں صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال،یاسمین راشد، فیاض الحسن چوہان،اختر ملک،نعمان لنگڑیال،اراکین اسمبلی نذیر چوہان، مسرت جمشید چیمہ،مہندر پال سنگھ،تحریک انصاف پنجاب سینٹرل کے صدر اعجاز چوہدری،پارٹی رہنماؤں و عہدیداران جمشید اقبال چیمہ،دیگر شخصیات اورعوامی نمائندوں نے شرکت کی۔