وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف کی ملاقات، ویزا معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف کی ملاقات، ویزا معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد :وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ازبکستان عظیم اسلامی ورثے کا امین ملک ہے،پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قدیم مذہبی اور ثفافتی تعلقات قائم ہیں، ا ن خیالات کا اظہارا نہوں نے ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اورازبکستان کے درمیان ویزا معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سیاحت کے فروغ پر بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط کو بڑھانے پراتفاق کیا۔ ملاقات میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قدیم مذہبی اور ثفافتی تعلقات قائم ہیں۔ ازبکستان عظیم اسلامی ورثے کا امین ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی رشتے سے جڑے دونوں ملکوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان نے ازبکستان کے شہریوں کے لئے ویزا میں خصوصی سہولیات دی ہیں۔ازبک شہریوں کو پاکستان آمد کے لئے اب 5 دن کا ٹرانزٹ ویزا بھی جاری کیا جائیگا۔ اس موقع پر ازبک سفیر نے کہا کہ لاہوراور تاشقند کے درمیان پی آئی اے کی پرواز 2 جولائی سے بحال ہوچکی۔ہوائی سفر کی سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اورکاروبار کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ سہولیات کے معاہدے پر عملدآمد سے روابط میں مزیداضافہ ہوگا