یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے: امریکی وزیرِ خارجہ

یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے: امریکی وزیرِ خارجہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک): امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرین روس کو جنگ میں ہرا سکتا ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا یہ دعویٰ برطانوی میڈیا سے گفتگو کے دوران سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ معلوم نہیں کہ یوکرین سے روس کی جنگ کتنا عرصہ چلے گی، امید ہے کہ یوکرینی عوام وقت کے ساتھ سرخرو ہوں گے۔ امریکی وزیرِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ روس یوکرینی عوام کی خواہشات کو دبا نہیں سکتا، روس پوری عسکری قوت لگاتا ہے تو یوکرین کے لیے مقابلہ کرنا مشکل ہو گا۔

انٹونی بلنکن کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا اور اتحادیوں کو روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والی جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے متعلق تشویش ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 24 فروری کو روس نے اپنے پڑوسی ملک یوکرین پر حملہ کر دیا۔

اس دوران روس نے یوکرین کے شہر خیرسون پر قبضہ کر لیا، یہ جنگ یوکرینی دارالحکومت کیف تک پہنچ چکی ہے اور روسی فوج کیف میں داخل ہو چکی ہے۔ اب تک کی جنگ میں دونوں جانب کے سیکڑوں فوجی اور یوکرینی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، جبکہ یوکرین کے 2 اہم ایٹمی پلانٹ بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔