راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا روز: پاکستان نے 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی

راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا روز: پاکستان نے 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے خلاف پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی جبکہ کنگروز کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری تھی اور بغیر کسی نقصان 5 رنز بنالیے تھے تاہم خراب روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کردیا گیا۔

پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 245 بنارکھے تھے۔ پاکستانی بلے بازوں کی آسٹریلیا کے خلاف شاندار بلے بازی کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا، سابق کپتان اظہر علی نے 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 185 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گرگئی اور اوپنر امام الحق 157 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اظہر علی اور امام الحق نے 208 رنز کی شراکت داری کی۔

پاکستان نے چائے کے وقفہ تک 2 وکٹوں پر 394 رنز بنائے۔ وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی۔ نتھن لائن ، پیٹ کمنز اور مارنوس لابو شین نے ایک ایک وکٹ لی۔