برطانوی دارالامراء کے ارکان کا2 فیصد ہائیر ایجوکیشن کوٹے کے فیصلے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ ایلٹن آف لیورپول کی طرف سے شکریے کا خصوصی خط موصول

برطانوی دارالامراء کے ارکان کا2 فیصد ہائیر ایجوکیشن کوٹے کے فیصلے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین

لاہور:  پنجاب میں 2 فیصد ہائیر ایجوکیشن کوٹہ مختص کرکے اقلیتوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے پر برطانوی دارالامراکے ارکان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکو ہاؤس آف لارڈ کے ممبر لارڈ ایلٹن آف لیور پول کی طرف سے خط لکھ کر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا اور انہوں نے اقلیتوں کے لئے ہائر ایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کرنے کے فیصلے کو سراہا اور شکریہ اداکیا۔

لارڈ ایلٹن آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ برائے پاکستانی مینارٹیز کے کو چیئرمین ہیں۔ لارڈ ایلٹن نے خط میں مزید لکھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے فیصلے سے پنجاب میں ہزاروں اقلیتی نوجوان مستفید ہوں گے۔ 2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ پربہترین کالجوں او ریونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھلیں گے۔ اس فیصلے سے اقلیتوں میں نئی مڈل کلاس ابھر کر سامنے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طرف سے اقلیتی طلبہ کے لئے یونیورسٹیوں میں 2فیصد کوٹہ مختص کرنے پر دنیا بھر میں پاکستان کا شاندار امیج ابھر کر سامنے آیا۔ ہاؤس آف لارڈ کے ممبر لارڈ ایلٹن آف لیور پول نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مثبت فیصلے کو برطانوی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو سامنے لا نے کا عندیہ بھی ظاہر کیا۔