پنجاب میں گندم کی خرید کا 45فیصد ہدف حاصل، قلت کا کوئی خطرہ نہیں: سینئر وزیر عبدالعلیم خان

گندم کی نقل و حمل کیلئے مربوط پالیسی اپنائی ہے، کوشش ہے مارکیٹ میں گندم کے 2خریدار نہ ہوں  سمگلنگ کے خلاف کاروائیاں سخت، فلور ملز کو 72گھنٹے کا سٹاک رکھنے کی اجازت،ویڈیولنک اجلاس

 پنجاب میں گندم کی خرید کا 45فیصد ہدف حاصل، قلت کا کوئی خطرہ نہیں: سینئر وزیر عبدالعلیم خان

 لاہور: سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ صوبے میں خوراک کے شعبے پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے اور کوشش ہے کہیں کوئی قلت سامنے نہ آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک پنجاب میں گندم کی خرید کا 45فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے،خریداری مہم زوروں سے جاری ہے اور انشاء اللہ ہم اپنے ہدف کو جلد حاصل کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کے اجلاس میں ویڈیو لنک سے شرکت کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے صوبے میں خوراک کے شعبے کا اجمالی جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں گندم کی فصل اور خریداری ہمارے ٹارگٹ سے بھی زیادہ ہو گی البتہ وسطی اور سینٹرل پنجاب میں بارشوں نے گندم کی فصل کو کسی حد تک متاثر کیا ہے لیکن مجموعی طور پر پنجاب نے 45لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کر رکھا ہے جو بظاہر بڑا ہونے کے باوجود آسانی سے حاصل کر لیا جائے گا۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پنجاب سے دیگر صوبوں کو گندم کی فراہمی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ گندم کی خرید کے لئے مارکیٹ میں بیک وقت 2خریدار نہ ہوں،بالخصوص صوبہ کے پی کے سے مفید بات چیت ہوئی ہے اور پنجاب حکومت اُن کی ضرورت کے مطابق گندم خود خرید کر اُن کے حوالے کرے گی۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پنجاب میں گندم کی سمگلنگ کے خلاف سخت کاروائیاں جاری ہیں،مختلف اضلاع سے گندم پنجاب سے زمینی اور دریائی راستوں سے لے جانے کی کوشش کی گئی ہے جسے حساس اداروں کے تعاون سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود اس عمل کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور اب گندم کی سمگلنگ روکنے کے لئے موٹر وے پولیس کا تعاون بھی درکار ہوگا۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خا ن نے اجلا س کے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب کی فلور ملز کو72گھنٹے کا سٹاک رکھنے کی اجازت ہے جسے وہ 24گھنٹے پہلے ری فل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے پنجاب نے گندم کی نقل و حمل کے لئے مربوط پالیسی اپنائی ہے، صوبے میں بین الاضلاعی طور گندم لانے لے جانے پر کوئی پابندی نہیں۔اسی طرح لوگ اپنے ذاتی استعمال کے لئے بھی گندم خرید سکتے ہیں۔ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر سے ویڈلنک اجلاس میں تقابلی جائزہ پیش کیا اور مختلف سوالوں کے جواب دیے۔