اعجاز عالم آگسٹین کی عوام سے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کی اپیل

ہمارے شیر جوان سرحدوں کی حفاظت کےلئے ہمہ وقت تیا ر ہیں پاکستانی عوام اپنے تمام شہداءکو خراج تحسین پیش کرتی ہے: اعجاز عالم آگسٹین

اعجاز عالم آگسٹین کی عوام سے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کی اپیل

 لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ 06ستمبر کو پورے جوش و خروش کے ساتھ اپنے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے خاص طور پر دعاﺅں وغیرہ کا اہتمام کیا جائے اور تعلیمی اداروں وغیرہ میں ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جائے ،جس سے ایک واضح پیغام جائے کہ ہم اپنے شہداءسے کتنا پیار کرتے ہیں جنہوں نے پیارے پاکستان کےلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ جب بھی پاکستان پر کڑا وقت آیا تو اس کے شیر جوانوں نے ہر طرح سے پاکستان کا دفاع ممکن بنایا اور آج بھی سرحدوں پر کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کےلئے بالکل تیار ہیں ۔6 ستمبر کا دن خاص طور پر ان قومی ہیروز کی بھی یادد لاتا ہے، جنہوں نے 6 ستمبر 1965 کو اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ''نشانِ حیدر'' جیسا اعلیٰ اعزاز حاصل کیا تھا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پوری قوم کوکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم کشمیر منانا چاہئے تاکہ ہندوستان کو بتایا جا سکے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بر بریت کی داستان اب خاتمے کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا۔