ابوظہبی، پاکستانی سفاتخانہ میں "یوم استحصال " تقریب کا انعقاد

تقریب میں کشمیریوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی برادری نے شرکت کی۔

ابوظہبی، پاکستانی سفاتخانہ میں

ابو ظہبی: بھارت کے 5اگست کے غیر قانونی /یکطرفہ اقدامات اور فوجی محاصرے کے 365دن مکمل ہونے پر سفارتخانہ پاکستان، ابو ظہبی میں "یوم استحصال " تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سفیر پاکستان جناب غلام دستگیر نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں کشمیریوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی برادری نے شرکت کی۔اس تقریب کے دوران، ایک نغمہ پیش کیا گیا جس میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی تھی۔ اس تقریب کے دوران "یوم استحصال "کے حوالے سے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کے سنائے گئے۔ 

اپنے خطاب میں، سفیر پاکستان نے کشمیر کے دلیر لوگوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور حق خود ارادیت کے لئے بہادرانہ جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے 5اگست 2019میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اور عالمی وباء امور کے باوجود خوراک اور طبی سامان کی فراہمی پر پابندی سمیت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر مسلسل ایک سال طویل فوجی محاصرے اور کریک ڈاؤن، مواصلاتی بلیک آؤٹ اور سخت پابندیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانیوں کو آباد کرکے کشمیر کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لئے بھارت کی طرف جموں و کشمیر تنظیم نو کا آرڈر متعارف کرانا نا قابل قبول ہے۔ 

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ بھارت کے مظالم کشمیری عوام کو اپنی انصاف پسند جدو جہد جاری رکھنے اور آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتے۔ 5اگست 2020کو ہندوستان کے بابری مسجد کی تباہی کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ ان کی فاشٹ پالیسیاں اور انتہا پسندانہ ذہنی کیفیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان کے جابرانہ اقدامات، اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی پر مبنی ہیں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ قابض افواج کے ذریعہ ریاستی سرپرستی میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ 

سفیر پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول تک پاکستانی عوام اور حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لئے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل کے لئے خصوصی دعا مانگی۔