ڈینگی کے تدارک،پولیو کے خاتمے اور کورونا پر قابوپانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں:ڈاکٹریاسمین راشد

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس برائے انسدادڈینگی مہم منعقد، سیکرٹری صحت کیپٹن(ر)محمدعثمان یونس نے تفصیلات سے آگاہ کیا

ڈینگی کے تدارک،پولیو کے خاتمے اور کورونا پر قابوپانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں:ڈاکٹریاسمین راشد

لاہور:. صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں کابینہ اجلاس برائے انسدادڈینگی مہم منعقد ہوا۔صوبائی وزیر اوقاف سعیدالحسن جعفری، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن(ر)محمدعثمان یونس،ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر، ڈی سی لاہوردانش افضال اوروڈیولنک کانفرنس کے ذریعے تمام ڈی سی حضرات اور کمشنرزنے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ پولیس،ڈی جی پی آر،لائیو سٹاک،ایل ڈبلیو ایم سی،لوکل گورنمنٹ،سپیشل برانچ،ڈی ایچ اے،سول ایوی ایشن ودیگرمحکمہ جات کے افسران نے بھی شرکت کی۔سیکرٹری صحت کیپٹن(ر)محمدعثمان یونس نے صوبائی وزیر صحت کو پنجاب بھرمیں انسدادڈینگی مہم کی سرگرمیوں اور مختلف اضلاع میں توجہ طلب امورکی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کے تدارک،پولیو کے خاتمے اور کوروناوائرس پر قابوپانے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔تمام کمشنرزاور ڈی سی حضرات کو انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں سرویلنس کانظام مزید سخت کیا جائے۔کسی بھی ضلع میں انسدادڈینگی مہم میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمہ کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ کاوشیں کرنی ہونگی۔ انسدادڈینگی مہم کی سرگرمیوں بارے بوگس رپورٹنگ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکے فریم ورک کے تحت کوروناروائرس کے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے۔پنجاب بھرمیں انسدادڈینگی مہم کومزید تیز کیاجائے۔ صوبہ بھر میں انسدادڈینگی مہم کی سرگرمیوں کی براہ راست مانیٹرنگ جاری ہے.