ناروے سرمایہ کاری ، تجارت اور ترقیاتی تعاون کے لیے پاکستان کا مضبوط شراکت دار ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

ناروے سرمایہ کاری ، تجارت اور ترقیاتی تعاون کے لیے پاکستان کا مضبوط شراکت دار ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ناروے اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناروے سرمایہ کاری ، تجارت اور ترقیاتی تعاون کے لیے پاکستان کا مضبوط شراکت دار ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان میں ناروے کے سبکدوش ہونے والے سفیر کیجل گنار ایرکسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے باہمی مفاد کیلئے تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے امکانات موجود ہیں ۔ ناروے سرمایہ کاری ، تجارت اور ترقیاتی تعاون کے لیے پاکستان کا مضبوط شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں ناروے کی کمپنیوں کی موجودگی دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سکھر میں سولر پلانٹ کی تعمیر کے لیے نظام انرجی اور نارویجن سکیٹک سولر کے مابین اشتراک مثبت پیش رفت ہے ۔منصوبے سے ناروے کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب ملے گی۔صدر مملکت نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمان آبادی کے خلاف بھارتی مظالم پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دینے کے اپنے وعدے پر عمل درآمد کرائے۔صدر مملکت نے لاہور میں تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ پر ناروے کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ناروے کے سبکدوش ہونے والے سفیر کیجل گنار ایرکسن کو اپنی مدت مکمل ہونے پر مبارک باد دی اور تمام شعبوں میں سرکاری سطح پر اور نجی شعبہ میں روابط قائم کر کے بالخصوص معیشت اور ثقافتی شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کےفروغ کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا