کامیاب جوان پروگرام کے تحت 18381 نوجوانوں کو 16.4 ارب روپے قرضے دیئے گئے ،28525 نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کےنئے مواقع پیدا ہوئے ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی پریس کانفرنس

کامیاب جوان پروگرام کے تحت 18381 نوجوانوں کو 16.4 ارب روپے قرضے دیئے گئے ،28525 نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کےنئے مواقع پیدا ہوئے ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی پریس کانفرنس

اسلام آباد :وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 18 ہزار 381 نوجوانوں کو 16.4 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے ہیں جبکہ 28525 نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کےنئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔

اس موقع پر کامیاب جوان ڈیش بورڈ کااجرا کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اس ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ اس ڈیش بورڈ پر قرضوں کی فراہمی کے مطابق آن لائن تفصیلات دستیاب ہوں گی۔

کامیاب جوان پروگرام کا 3 کروڑ 10 لاکھ لوگوں نے وزٹ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیش بورڈ سے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی سے متعلق صوبہ اور تحصیل کی سطح پر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح صنعتوں کی بنیاد پر بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس ڈیش بورڈ سے یہ پتہ چلایاجا سکتا ہےکہ کون سے شعبے کے لئے کتنا قرضہ لیا گیا ہے۔

کامیاب جوان پروگرام کے تحت 2لاکھ کے لگ بھگ نوجوانوں کو سکالرشپ د ی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ کے حصول کے لئے 11 لاکھ 98 ہزار 440 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 18 ہزار 381 نوجوانوں کو 16.4 ارب روپے کے قرضے دیئے گئے ہیں جبکہ 28525 نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کےنئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ 6 لاکھ 63 ہزار قرضہ حاصل کرنے کی درخواستیں مسترد ہوئی ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر درخواستیں عمر کی حد زیادہ ہونے کے باعث مسترد کی گئی ہیں جبکہ بعض درخواستیں کاروباری منصوبہ مکمل نہ ہونےکے باعث مسترد کی گئی ہیں۔

ان میں سے 8 لاکھ سے زائد درخواستیں 5 لاکھ روپے سے کم قرضے کے حصول کے لئے تھی۔ ماضی میں بینکوں نے اس طرف توجہ نہیں دی اس لئے بینکوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کے لئے کافی محنت کرناپڑی۔

انہوں نے کہا کہ جون کے دوران 4.8 ارب روپے اور جولائی کے دوران 2 ارب روپے کے قرضے نوجوانوں میں تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض دینے کےلئے 100 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو کہ 2023 تک نوجوانوں کو دیئے جائیں گے۔

اس پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے کی عمر کی حد 18 سے 45 سال ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ ہے۔ یہ سیاسی بنیادوں پر قرضہ دینے کےلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

یہ پروگرام شفافیت پر مبنی ہے۔ نوجوانوں میں سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر قرضے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ سکور کارڈ کے ذریعے قرضوں کی منظوری دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن نوجوانوں کی قرضہ کی درخواستیں مسترد ہوئی ہیں۔ اس کے لئے ریویو کمیٹی بنائی گئی ہے۔

وہ کمیٹی سے درخواست کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قرضوں کی فراہمی کے لئے آئی ٹی اور زرعی شعبے پر زیادہ توجہ مرکوز رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اگست سے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے والوں کے لئے عمر کی کوئی حد نہیں ہے۔

یہ پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کا پروگرام ہے اور اس کے ذریعے پسماندہ علاقے کے عوام کو غربت سے نکالاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ روپے تک نوجوانوں کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت خدمات کے شعبہ میں سب سے زیادہ قرضہ حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پرگرام کے باعث ہمارے پاس 151 اضلاع کا بزنس انڈکس ڈیٹا موجود ہے جس کے تحت ہمیں یہ معلوم ہے کہ کسی علاقے کے لوگ کس کاروبار میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضہ کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کامیاب جوان ہنر مند پاکستان کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو سکالرشپ کے ذریعے فنی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام سے نہ صرف ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں بلکہ یہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ صحافیوں اور کیبل آپریٹرز کو بھی اس پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے.