دورہ نیدرلینڈز؛ تیاریاں بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

دورہ نیدرلینڈز؛ تیاریاں بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

لاہور: دورہ نیدر لینڈز کیلیے قومی کرکٹرز کی مشقوں کا ہفتے کو آغاز ہوگا،منتخب کھلاڑیوں نے لاہور میں رپورٹ کردی۔

قومی ٹیم دورئہ نیدرلینڈز کی تیاریاں ہفتے سے شروع کرے گی،منتخب کھلاڑیوں نے گذشتہ روز لاہور میں رپورٹ کردی، فاسٹ بولر حارث رئوف اتوار جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان بعد میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

گزشتہ روز منیجر منصور رانا کی زیرسربراہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں کپتان بابر اعظم نے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے پلیئرز کا حوصلہ بڑھایا،انھوں نے کھلاڑیوں کو وائٹ بال کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت دی، قومی اسکواڈ ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ شروع کررہا ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے آئوٹ فیلڈ گیلی ہوگئی تھی،ہفتے کو بھی صبح کے وقت رم جھم کا امکان ہے،اس صورتحال میں کھلاڑیوں کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں انڈور پریکٹس تک محدود رہنا پڑسکتا ہے،11 اگست تک جاری رہنے والے کیمپ میں پاکستان شاہینز کیخلاف 2پریکٹس میچز بھی شامل ہیں،ان میں سے پہلا اتوار کو کھیلا جائے گا،اس دوران بھی بارش کی مداخلت کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں بنائی جانے والی وسطی پچز ابھی تیاری کے مراحل میں ہیں،صرف سائیڈ پچز پر نیٹس لگیں گے،پریکٹس میچز بھی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، گرائونڈ اسٹاف نے تربیتی کیمپ کیلیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں،میدان سے غیر ضروری گھاس کاٹ دی گئی، صفائی ستھرائی کا کام بھی کرلیا گیا ہے۔