عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام بند کرائے ،جہانگیر اشرف وینس

 اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے:صدر ڈیمو کریٹک پارٹی

 عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام بند کرائے ،جہانگیر اشرف وینس

لاہور: ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ جموںو کشمیر میںگزشتہ73 برس سے کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے ،نریندر مودی حکومت پانچ اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاﺅن کر کے کشمیریوں کی نسل کشی کرنے میں مصروف ہے اور پاکستانی حکمران کشمیریوں سے نمائشی یک جہتی کا اظہار کرنے میں مگن ہیں،مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کا راز،جوشیلے بیانات ،احتجاج ، جلسے و جلوسوں ، نمائشی یکجہتی کے اظہار کی بجائے جہاد میں پوشیدہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز”یکجہتی کشمیر سیمینار ‘ ‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 اور35 اے کو یک طرفہ طور پرغیرقانونی اور غیر آئینی طریقے سے ختم کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریند ر مودی حکومت ان ترامیم سے کشمیرمیں عوامی رائے عامہ کو تبدیل کرسکتی اور نہ ہی کشمیریوں کے جذبہ حق خودارادیت کو کوئی آئینی ترامیم کچل سکتی ہے۔

کشمیریوںکے گھروں اور املاک کو آگ لگائی جا رہی ہے،بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے لاکھوں ہندوﺅں کو لا کر بسا رہی ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنی قرار دادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے میں کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھاکشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیرپاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہےں ہو سکتا۔